مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں بحرین کی " عمل اسلامی " تحریک کے سیاسی شعبہ کے سربراہ راشد الراشد نے کہا ہے کہ بحرینی عوام کا انقلاب چھٹے سال میں داخل ہوگیا ہے بحرینی عوام کا مستقبل روشن اور تابناک ہے اور وہ اپنے مطالبات کے حصول میں کامیاب ہوجائیں گے۔
راشد الراشد نے کہا کہ بحرینی عوام کا انقلاب چھٹے سال میں داخل ہوگیا ہے بحرینی عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کا مقابلہ صرف آل خلیفہ حکومت سے نہیں بلکہ ان کا مقابلہ آج امریکہ اور برطانیہ جیسی عالمی سامراجی طاقتوں سے ہے ۔
انھوں نے کہا کہ بحرینی عوام اپنے اہداف کے حصول کے سلسلے میں مزید قربانیاں پیش کرنے کے لئے تیار ہیں۔ راشد الراشد نے کہا کہ آل خلیفہ کی پشت پر امریکہ ، برطانیہ اور سعودی عرب کا ہاتھ ہے اور امریکہ برطانیہ اور سعودی عرب کے ہاتھ بحرینی عوام کے خون سے آلودہ ہیں۔
راشد الراشد نے کہا کہ بحرینی عوام کے مطالبات میں استقلال اور جمہوریت کا مطالبہ بھی شامل ہے اور یہ مطالبات عنقریب محقق ہوجائیں گے آل خلیفہ حکومت کو امریکہ اور برطانیہ پر اعتماد ہے جبکہ بحرینی عوام کو اللہ تعالی کی ذات پر اعتماد اور بھروسہ ہے اور اللہ تعالی بحرینی عوام کو کامیابی سے ہمکنار کرےگا۔
راشد نے برطانیہ کے بحرین میں واپس آنے پر مبنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آل خلیفہ حکومت حقیقت میں برطانیہ کے تسلط میں ہے بحرین کے بادشاہ نے عوامی انقلاب سے خطرہ محسوس کرتے ہوئے ایک بار پھر برطانیہ کی پناہ حاصل کرلی ہے اس نے کہا کہ سعودی عرب اور بحرین کے بادشاہ امریکہ اور برطانیہ کے غلام اور نوکر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور برطانیہ خلیج فارس کے عرب ممالک میں جمہوریت کے خواہاں نہیں ہیں کیونکہ جمہوریت کی صورت میں خطے میں امریکی اور برطانوی مفادات خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔
اس گفتگو میں عمل اسلامی تحریک کے سکریٹری جنرل شیخ عبداللہ صالح نے کہا کہ بحرین کا انقلاب واحد انقلاب ہے جسے امریکہ، سعودی عرب اور برطانیہ مل کر دبانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے انقلاب اسلامی نے بہت سی محروم اور مستضعف قوموں کے دلوں میں امید کا چراغ روشن کیا اور آج علاقائي قومیں اسلامی بیداری کی شکل میں اپنے اپنے ملکوں میں اسلامی نظام کی حمایت کررہی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ بحرینی عوام کے انقلاب کو کچلنے کے لئے سعودی عرب اور اردن کے سپاہی بحرین کی سرزمین پر موجود ہیں جس سے واضح ہوتا ہے بحرینی عوام کے حقوق کو دبانے کے لئے امریکہ کی سرپرستی میں سعودی عرب اور اس کے حامی ممالک متحد ہوگئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شمشیر پر خون کی فتح یقینی ہےاور فتح ، بحرینی عوام کے قدم چومےگی۔