مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کےمطالبے کو مضحکہ خیز قراردے دیا۔ گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جل اسٹین کی جانب سے وسکونسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر نو منتخب امریکی صدر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں، ہلیری کلنٹن نے بھی نتائج تسلیم کرکے مجھے مبارک باد دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ گرین پارٹی کی جعل سازی ہے۔ نتائج کو چیلنج کرکے جل اسٹین اپنی تجوری بھرنا چاہتی ہیں۔
گرین پارٹی کی امیدوار جل اسٹین نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں وسکونسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا گیا ہے، انہوں نے مشی گن اور پنسلوانیا میں بھی اسی طرح کی درخواستیں دینے کا اعلان کیا ہے۔