اجراء کی تاریخ: 31 اکتوبر 2016 - 16:31

لبنانی پارلیمنٹ نے ڈھائی سال تک صدارتی عہدہ خالی رہنے کے بعد بالآخر حزب اللہ لبنان کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوارمیشل عون کو لبنان کا نیا صدر منتخب کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ لبنانی پارلیمنٹ نے ڈھائی سال تک صدارتی عہدہ خالی رہنے کے بعد بالآخر حزب اللہ لبنان کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار میشل عون کو لبنان کا نیا صدر منتخب کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق میشل عون  کو لبنان کی  پارلیمنٹ کی پہلے دور کی  ووٹنگ میں 127 میں سے 83 نمائندوں  نے ووٹ دیا  جبکہ دوسرے مرحلے میں میشل عون نے 127 ووٹوں میں سے 84 ووٹ  حاصل کرلئے حالانکہ دوسرے مرحلے میں صرف  65 ووٹوں سے بھی  وہ صدر منتخب ہوسکتے تھے ۔ حزب اللہ لبنان اور المستقبل پارٹی کے درمیان اتفاق کے بعد لبنان کے صدر کے انتخاب کی راہ ہموار ہوئی ۔ واضح رہے کہ لبنان کے سابق صدر میشل سلیمان کے صدارتی عہدے کے خاتمہ کے بعد لبنان کی سیاسی پارٹیاں ڈھائی سال تک صدارتی عہدے کے لئے کسی ایک  شخص پر متفق نہیں ہوسکی تھیں لبنان میں صدر عیسائی برادری سے جبکہ وزیر اعظم سنی برادری اور اسپیکر شیعہ برادری سے منتخب ہوتا ہے۔