جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی حملے کا خطرہ محسوس ہوا تو شمالی کوریا کو دنیا کے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ  اگر شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی حملے کا خطرہ  محسوس ہوا تو شمالی کوریا کو دنیا کے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔جنوبی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ اگر شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی حملے کا ذرا سا بھی شائبہ محسوس ہوا تو پڑوسی شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کو بلیسٹک میزائلوں اور دھماکہ خیز بارودی مواد سے تہس نہس کر دیں گے۔ عسکری ذرائع نے مزید کہا کہ ایٹمی حملے کے خطرے کی صورت میں شمالی کوریا کی مرکزی قیادت کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا، پورے پیانگ یانگ کو راکھ میں بدل کر رکھ دیں گے اور دنیا کے نقشے سے ہی مٹا دیں گے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل شمالی کوریا نے پانچویں کامیاب ایٹمی تجربے کا دعویٰ کیا تھا جس کے نتیجے میں ملک میں 5.3 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔ امریکہ، جاپان، جنوبی کوریا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایٹمی تجربے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ ادھر شمالی کوریا نے ایٹمی تجربے کے بعد امریکہ، جاپان اور سلامتی کونسل کی جانب سے مزید پابندیوں کی دھمکیوں کو بے معنی قرار دیا ہے۔ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اسے امریکہ اور جنوبی کوریا کی طرف سے خطرہ لاحق ہے اس لئے اس نے دفاعی تحفظ کے لئے ایٹمی دھماکے کئے ہیں۔