مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے یمن پر سعودی عرب کے ہولناک اور بھیانک جرائم پر عالمی اداروں اور تنظیموں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں انسانیت اور بشریت کے خلاف ہولناک اور بھیانک جرائم کے ارتکاب میں سعودی سعودی عرب بہت زیادہ گستاخ ہوگیا ہے اور وہ یمن میں اسپتالوں ، مدارس اور مساجد کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنا رہا ہے۔
ترجمان نے یمن کے اسپتال پر سعودی عرب کی مجرمانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا غیر فوجی ، سول ٹھکانوں اور شہری آبادی پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہے اور سعودی عرب کو اپنی مجرمانہ کارروائیوں کا تاوان ادا کرنا پڑےگا۔
ترجمان نے صوبہ حجہ کے عبس علاقہ میں اسپتال پر سعودی عرب کی ظالمانہ بمباری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی خاموشی کے سائے میں سعودی عرب یمن کے نہتے اور بےگناہ عربوں کو اپنی بربریت اور جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے۔
ایرانی ترجمان نے یمن میں سیاسی کونسل کی دوبارہ بحالی اور یمنی پارلیمنٹ کی دوبارہ فعالیت کے اقدام کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام کے نمائندوں کے اس اقدام سے سعودی عرب کو شدید غصہ ہے جس کے بعد وہ اسپتالوں اور سول آبادی پر وحشیانہ بمباری کرکے جرم و جنایت کا ارتکاب کررہا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے عبس میں واقع ایک اسپتال پر بمباری کرکے 25 افراد کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا تھا۔