مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست بہار میں ماؤ نواز باغیوں اور فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 8 سکیورٹی اہلکار اور 4 باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ریاست بہار میں اورنگ آباد کی سرحد کے قریب جنگل میں سکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان جھڑپوں اور بم دھماکوں کے نتیجے میں 8 سکیورٹی اہلکار سمیت 4 باغی مارے گئے جب کہ کئی اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق 2 روز قبل باغیوں کے سربراہ کی آمد کی اطلاع پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا، اس دوران سکیورٹی اہلکاروں پر بموں سے حملہ اور اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس سے 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق علاقے سے زخمیوں کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھی بھیجا گیا لیکن باغیوں کی جانب سے شدید فائرنگ کے باعث ہیلی کاپٹر لینڈ نہیں کرسکا اور زخمیوں کو لیے بغیر واپس آگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا ہے جب کہ آپریشن میں دیگر اضلاع کی پولیس سے بھی مدد طلب کرلی گئی ہے۔
اجراء کی تاریخ: 19 جولائی 2016 - 01:18
ہندوستانی ریاست بہار میں ماؤ نواز باغیوں اور فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 8 سکیورٹی اہلکار اور 4 باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔