انسانی حقوق کے دو بڑے گروپس ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے سعودی شہریوں پر جبر کرنے اور یمن میں عام شہریوں کے قتل عام پر، سعودی عرب کی انسانی حقوق کونسل کی رکنیت معطل کریں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ انسانی حقوق کے دو بڑے گروپس ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے سعودی شہریوں پر جبر کرنے اور یمن میں عام شہریوں کے قتل عام پر، سعودی عرب کی انسانی حقوق کونسل کی رکنیت معطل کریں۔اطلاعات کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سعودی عرب کی رکنیت معطل کرنے کے حوالے سے لابنگ کریں گے، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ معاملہ طویل ہوگا۔ہیومن رائٹس واچ کے ڈپٹی ڈائریکٹر فلپ بولوپین نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں سعودی عرب نے تمام انسانی اور اخلاقی حدوں کو توڑ دیا ہے جس کے بعد سعودی عرب کو انسانی حقوق کونسل کا رکن رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے سعودی عرب پر الزام لگایا کہ اس نے یمن میں جنگ کے دوران کلسٹر بموں کا استعمال کرکے عام شہریوں کو نشانہ بنایا اور یمن جانے والی بندرگاہوں کا محاصرہ کرکے بنیادی سامان کی ترسیل روک دی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب یمن کے عوام کے خلاف فضائی کارروائی میں عرب اتحاد کی سربراہی کر رہا ہے اور سعودی عرب اپنی بربریت اور وحشیانہ بمباری کے باوجود یمن میں اپنے اہداف تک پنہچنے میں ناکام ہوگیا ہے۔