مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے پیغام کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی دسویں پارلیمنٹ کا آغاز ہوگيا ہے پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب میں ایران کے اعلی سول اور فوجی حکام کی موجودگی میں ارکان پارلیمنٹ نے حلف اٹھایا۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی، خبـرگان کونسل کے سربراہ آيت اللہ جنتی ،مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی ، حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن خمینی اور ایران کے دیگر اعلی سول اور فوجی حکام نے ایران کی دسویں پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اس تقریب کے آغاز میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کو پیش کیا گيا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں دسویں پارلیمانی انتخابات میں عوام کی بھر شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا: دسویں پارلیمنٹ کے نمائندوں سے بھی توقع کی جاتی ہے کہ وہ انقلابی اور اسلامی معیاروں اور اصولوں کے مطابق عالمی سامراجی طاقتوں کی گھناؤنی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ، قومی اور ملکی مفادات کےتحفظ کے سلسلے میں اپنی قانونی اور آئینی ذمہ داریوں کو پورا کریں ، ایرانی عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین قراردیں اور مزاحمتی اقتصادی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔
پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب سے صدر حسن روحانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور حکومت کا باہمی تعاون مضبوط اور مستحکم طریقے سےجاری رہےگا۔