امریکہ میں ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لندن کے نومنتخب میئر صادق خان امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بی بی سی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ میں ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لندن کے نومنتخب میئر صادق خان امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق لندن کے نو منتخب میئر صادق خان نے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ اگر ٹرمپ امریکہ کے صدر بن جاتے ہیں تو وہ امریکہ نہیں جا سکیں گے کیونکہ وہ مسلمان ہیں ۔

صادق خان نے ٹائم میگزن سے بات کرتے ہوئے کہا تھا: میں امریکہ جانا چاہتا ہوں اور امریکہ کے میئروں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں لیکن اگر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر بن جاتے ہیں تو مجھے میرے عقیدے کی وجہ سے وہاں جانے سے روک دیا جائے گا۔‘انہوں نے کہا: ’مجھے امید ہے ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاست امریکہ پر حاوی نہیں ہوگی۔

صادق خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں ڈونلڈ ٹرمپ  نے کہا کہ ہر چیز میں استثنیٰ ہوتا ہے اور صادق خان ان کی پابندی سے مسثنی ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا: میں خوش ہوں کہ صادق خان لندن کی سربراہی کریں گے۔ اگر وہ اچھا کام کرتے ہیں اور صاف طور پر کہوں کہ اگر وہ بڑا کام کرتے ہیں تو یہ بڑی بات ہوگی۔

گذشتہ سال پیرس میں حملوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ مسلمانوں کا امریکہ میں داخلہ بند کر دیا جائے۔ان کی عارضی پابندی کی وسیع پیمانے پر تنقید ہوئی تھی لیکن ٹرمپ اپنی تجویز پر قائم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کی سکیورٹی کیلئے ضروری ہے۔