امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو 8 ایف 16 طیارے خریدنے ہیں تو اس کی ادائیگی خود پاکستان کو ہی کرنا ہوگی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو 8 ایف 16 طیارے خریدنے ہیں تو اس کی ادائیگی خود پاکستان کو ہی کرنا ہوگی۔

 امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کو بتا دیا گیا ہے کہ اگر انہیں ایف 16 طیارے خریدنے ہیں تو اس کی ادائیگی اسے ہی کرنا ہوگی جب کہ بعض سینیٹرز طیاروں کی ادائیگی میں پاکستان کو دی جانے والی سبسڈی کے حامی نہیں تاہم کانگریس نے طیاروں کی فروخت کی اجازت دے دی ہے جس کے لئے 70 کروڑ امریکی ڈالر پاکستان کوخود ادا کرنا ہوں گے۔

ادھر امریکی سینیٹ میں محکمہ خارجہ کی کمیٹی کے چیئرمین باب کارکر نے پاکستان کو طیاروں کی فروخت کی مخالفت کی جب کہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کے معاملے پر بھارت کی جانب سے بھی شدید احتجاج سامنے آیا تھا اور بھارتی لابی نے ایک مرتبہ طیاروں کی ڈیل میں روڑے اٹکا دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ 11 فروری کو امریکی محکمہ خارجہ نے انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے 8 ایف 16 طیارے فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں امریکہ کی جانب سے 40 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم امریکہ کو ادا کرنا تھی۔