بھارت کے صوبہ پنجاب کے شہرپٹھان کوٹ میں دہشت گردانہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے پاکستان کی 5 رکنی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت مل گئی جس کے بعد پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم آج بھارت پہنچ جائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت کے صوبہ پنجاب کے شہرپٹھان کوٹ میں دہشت گردانہ واقعہ  کی تحقیقات کے لیے پاکستان کی 5 رکنی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت مل گئی جس کے بعد پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم آج بھارت پہنچ جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر کی سربراہی میں 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم کو بھارت جانے کے لیے اجازت مل گئی جس کے بعد ٹیم آج بھارت پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم واہگہ کے راستے امرتسر اور پھر وہاں سے پرواز کے ذریعے دہلی جائے گی جب کہ تحقیقاتی ٹیم کا دورہ 7 روز پر مشتمل ہوگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم اتوار صبح 11 بجے نئی دلی پہنچے گی جہاں پیر کے روز این آئی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرے گی جب کہ ٹیم منگل کے روز پٹھان کوٹ کا دورہ کرے گی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو نئی دہلی میں واقعے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور ٹیم کو واقعے پر شواہد دیئے جائیں گے جب کہ ٹیم کے سوالات کے جواب بھی دیئے جائیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ ایئر بیس پر جائے وقوعہ کا دورہ کرایا جائے گا جہاں ٹیم کوصرف محدود حصے تک رسائی دی جائے گی۔ واضح رہے کہ جنوری میں بھارت کے پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں 4  بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے اور فورسز کی کارروائی میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے بھارتی ہم منصب کو حملے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد پاکستان میں بھی حملے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ حملے میں پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جماعت الدعوۃ کے ملوث ہونے کے ثبوت ملےہیں۔