مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے متفقہ طور پر نامزدگی کے بعد سابق وزیر اعلی مفتی محمد سعید کی بیٹی محبوبہ مفتی کشمیر کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بن جائیں گی۔ اطلاعات کےمطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی جس میں کشمیر میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پی ڈی پی کے ریاست میں حکومت سازی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ادھر پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے اہم اجلاس میں جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کی بیٹی محبوبہ مفتی کو متفقہ طور پر وزارت اعلیٰ کے لئے امیدوار نامزد کیا گیا۔پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی اس وقت لوک سبھا میں جنوبی کشمیر کی نمائندگی کررہی ہیں لیکن وزیراعلیٰ بننے کے لئے انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر کشمیر کے دونوں ایوانوں سے منتخب ہونا ہوگا۔واضح رہے محبوبہ مفتی کے والد اور جموں کشمیر کے وزیر اعلی مفتی محمد سعید 7 جنوری کو انتقال کرگئے تھے۔
اجراء کی تاریخ: 25 مارچ 2016 - 00:35
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے متفقہ طور پر محبوبہ مفتی کو کشمیر کا وزیر اعلی نامزد کردیا ہے نامزدگی کے بعد سابق وزیر اعلی مفتی محمد سعید کی بیٹی محبوبہ مفتی کشمیر کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بن جائیں گی۔