مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے ایئرپورٹ پر ہونے والے 2 دھماکوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے برسلز ایئرپورٹ کے ڈپارچر ہال میں ہوئے۔
بیلجیئن میڈیا کے مطابق دھماکوں کے بعد ایئرپورٹ پر بھگڈر مچ گئی جبکہ ایئرپورٹ کو بند کرکے پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔
دھماکے کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب 19 مارچ کو بیلجیئم پولیس نے پیرس حملوں کے ماسٹر مائنڈ اور اہم ترین سہولت کار صالح عبدالسلام سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا تھا.
واضح رہے کہ 13 نومبر 2015 کو پیرس میں 6 مقامات پر حملے کیے گئے تھے، حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز میں 4 سے 5 گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا اور 14 نومبر کو رات ایک بجے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا، ان حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔