مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مایر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کی۔ صدر حسن روحانی نے جرمنی کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں دہشت گردی کو عالمی خطرہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو اچھے اور برے دہشت گردوں میں تقسیم کرنا بہت بڑی غلطی ہے دہشت گرد سب کے لئے خطرہ ہیں حتی ان ممالک کے لئے بھی خطرہ ہیں جو اس وقت دہشت گردوں کی حمایت اور ان کی تربیت کررہے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ دہشت گردوں کو ہتھیاروں کی سپلائی بند ہونی چاہیے اور انھیں مالی امداد فراہم کرنے پر پابندی عائد کرنی چاہیے ، سنجیدگی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دہشت گردی پوری دنیا کے لئے ایک اہم اور سنجیدہ خطرہ ہے۔
صدر روحانی نے ایٹمی معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور جرمنی مختلف صنعتی ، تجارتی اور معدنی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں۔
اس ملاقات میں جرمنی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی کا ایران کے بارے میں ایک خاص نقطہ نگاہ ہے اور جرمنی ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ جرمنی کے وزیر خارجہ نے بھی دہشت گردی کو عالمی خطرہ قراردیتے ہوئے دہشت گردوں کے مقابلے پر تاکید کی۔