مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب خود کش حملے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق خود کش بمبار نے پاکستانی، بھارتی اور ایرانی قونصل خانے کے قریب کھڑی پولیس کی گاڑی سے خود کو ٹکرایا جس سے گاڑی میں موجود 4 اہلکاروں اور 2 راہگیر ہلاک ہو گئے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے سے قبل فائرنگ بھی ہوئی تھی، جیسے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو دھماکا ہوگیا۔ واضح رہے کہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب ہی بھارت اور ایران کے قونصل خانے کی عمارتیں بھی واقع ہیں اور رواں ماہ اب تک افغانستان کے مختلف شہروں میں 2 بھارتی قونصل خانوں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 13 جنوری 2016 - 15:07
افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب خود کش حملے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔