ترکی کے شہر استنبول کے سیاحتی مقام سلطان احمد سکوائر پر دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کے شہر استنبول کے سیاحتی مقام سلطان احمد سکوائر پر دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10  افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ترک پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا ہے اور اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائی جاری ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ پر مزید دھماکوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث وہاں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اب تک 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دھماکے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاح بھی شامل ہیں۔ ان زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کے دھماکے کی جگہ پر جسمانی اعضاءبھی بکھرے پڑے ہیں۔ دوسری جانب ایک ترک صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ بظاہر یہ دھماکہ خود کش تھا جس کے بعد آگ کے شعلے بلند ہونا شروع ہو گئے تاہم ابھی دھماکے کی نوعیت سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ ترک حکومت نے دھماکے کے بارے میں خبریں شائع کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔