وسطی امریکہ کے ملک ہنڈراس کے بین الاقوامی فٹ بالر آرنلڈ پیرالٹا کو ان کے آبائی شہرلاسیبا میں بیوی کے سامنے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈیلی میل کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ وسطی امریکہ کے ملک ہنڈراس کے بین الاقوامی فٹ بالر آرنلڈ پیرالٹا کو ان کے آبائی شہرلاسیبا میں بیوی کے سامنے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق 26 سالہ آرنلڈ پیرالٹا اپنی بیگم کے ساتھ نومولود بیٹی کے لیے کپڑے خریدنے شاپنگ سینٹر کی پارکنگ میں موجود تھے کہ مسلح افراد نے ان پر 18 گولیاں فائر کیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔پولیس پیرالٹا کے قتل کی تفتیش کررہی ہے اور اس واقعے کو ڈکیتی قراردینے کے خدشات کو مسترد کردیا ہے کیونکہ حملہ آوروں نے مقتول کے پاس موجود سامان سے کچھ نہیں لیا۔ پیرالٹا لندن اولمپکس 2012 میں شرکت کرنے والی ہنڈراس کی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ وہ ہنڈراس کے فٹ بال کلب اولمپیا کے لیے کھیلتے تھے۔ واضح رہے ہنڈراس کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں قتل کی وارداتیں سب سے زیادہ ہوتی ہیں۔