جرمنی نے امید ظاہر کی ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور روس کے مابین معمول کے رابطے جلد ہی بحال ہو جائیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خـررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جرمنی نے امید ظاہر کی ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور روس کے مابین معمول کے رابطے جلد ہی بحال ہو جائیں گے۔ یوکرین تنازعے کے باعث تنائوکے باوجود جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے کہا کہ اس عسکری اتحاد کے وزرائے خارجہ نے نیٹو کے سربراہ سے کہا ہے کہ وہ روس کے ساتھ بات چیت کی تیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ برلن حکومت اس تناظر میں روس کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوشش میں ہے۔ واضح رہے کہ نیٹو اور روس کے درمیان جون2014ءسے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ ادھرروسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے اس بیان پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ نیٹو روس کونسل کے اجلاس کے انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے۔ روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق سرگئی لاروف نے کہا کہ روس کے پاس بہت زیادہ سوال ہیں جو نیٹو سے کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سوال امریکا کی طرف سے روس اور نیٹو کے سمجھوتوں کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ہے۔ادھر روسی سینیٹر وکٹراوزروف نے کہا ہے کہ نیٹو کا رکن بننے کے بعد سابق کمیونسٹ ریاست مونٹینیگروکے ساتھ جاری تمام مشترکہ منصوبے ختم کر دیے جائیں گے۔