مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یونان کے ساحل پر ترکی سے آنے والے پناہ گزینوں کی کشتی ڈوبنے سے 22 افراد ہلاک ہوگئے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔ یونانی حکام کا کہنا ہے کہ کشتی ڈوبنے کا واقعہ کیلیمنوس جزیرے کے قریب پیش آیا جہاں کشتی ڈوبنے سے 19 افراد ہلاک ہوئے جب کہ روڈز جزیرے کے قریب کشتی ڈوبنے کے دوسرے واقعے میں 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ کشتیاں ڈوبنے کے واقعات کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری اپنی کاررائیوں کا آغاز کردیا جس میں 138 کے قریب افراد کو بچالیا۔ یونانی حکام کے مطابق حادثے کی وجہ لوگوں کا غیر محفوظ کشتیوں میں سفر کرنا ہے۔ واضح رہے دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کو غیر قانونی تارکینِ وطن کے سب سے بڑے بحران کا سامنا ہے جب کہ ہر ہفتے لیبیا اورشام سمیت دیگر ممالک کے ہزاروں افراد یورپی ساحلوں کا رخ کرتے ہیں جب کہ رواں برس تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے سے 2300 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 31 اکتوبر 2015 - 02:08
یونان کے ساحل پر ترکی سے آنے والے پناہ گزینوں کی کشتی ڈوبنے سے 22 افراد ہلاک ہوگئے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔