مہر خبرساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد نے روسی صدر کے ساتھ ملاقات میں اپنی حکومت کے لئے ماسکو کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روس کے اقدامات نے شام کو المناک سانحے سےبچا لیا ہے۔ دمشق میں ایوان صدر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ صدر بشار الاسد منگل کے روز روس کے صدر ولادی میر پوتن سے صلاح و مشورے کی غرض سے ہنگامی دورے پر ماسکو گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق صدر بشار الاسد اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات اور گفتگو کے بعد بدھ کو دمشق واپس پہنچ گئے۔ اس موقع پر روسی صدر ولادی میر پوتن نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی حملے جاری رکھے جانے کی سمت اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کے بحران کے پرامن حل تک پہنچنے کی غرض سے وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ قریبی صلاح و مشورے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شام اور روس کے صدور نے اس ملاقات میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ، روس کے فضائی حملوں اور شامی فوج کی منصوبہ بندی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب روسی صدر کے ترجمان نے صدر بشار اسد کے حوالے سے بتایا ہے کہ روس کے حملوں نے شام میں دہشت گردی کے پھیلاؤ کو فوری طور پر روک دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شام میں بحران کے آغاز کے بعد سے صدر بشار کہ یہ پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔
اجراء کی تاریخ: 21 اکتوبر 2015 - 20:22
شام کے صدر بشار الاسد نے روسی صدر کے ساتھ ملاقات میں اپنی حکومت کے لئے ماسکو کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روس کے اقدامات نے شام کو المناک سانحے سےبچا لیا ہے۔