مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی وفاقی وزارت مذہبی امور کے مطابق سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 76 ہو گئی ہےجب کہ حادثے میں 47 پاکستانی زخمی ہوئے جن میں سے 7 اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حکام کے مطابق حج مشن نے لاپتہ افراد میں سے اب تک306 حاجیوں کو تلاش کرلیا ہے جب کہ 60 تاحال لا پتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق 29 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق سعودی حکام جب کہ 47 کی تصدیق رشتہ داروں نے کی۔ 26 پاکستانیوں کی تدفین سعودی عرب میں ہی کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس حج کے دوران منیٰ کے مقام پر سعودی عرب کے حکام کی نااہلی ،غفلت اور ناقص کارکردگی کی بنا پر 5000 سے زائد حجاج کرام تشنہ لب شہید ہوگئے جن 465 ایرانی حجاج کرام بھی شامل ہیں منی سانحہ میں 24 ممالک کے حجاج شہید ہوئے ہیں۔ سعودی حکام اور ان سے وابستہ میڈيا نے منی کے المناک سانحہ کو چھپانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن اس دور میں حقیقت کو چھپانا بڑا مشکل ہے۔ سعودی حکام نے پہلےکہا تھا کہ مصر کے صرف 2 حاجی شہید ہوئے ہیں جبکہ بعد میں معلوم ہوا کہ مصر کے 138 حجاج اس المناک واقعہ میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ عالمی سطح پر سعودی عرب کی ناقص کارکردگی کی بنا پر سعودی حکام کے خلاف سخت نفرت اور برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے، اور بعض اسلامی ممالک حج کے امور کو سعودی حکام سے لینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔