مہر خبررساں ایجنسی نے شینہوا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین میں دوسری جنگ عظیم میں فتح کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ منعقد کی گئی جس میں 12 ہزار سے زائد اہلکاروں اور 200 لڑٓاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا۔ چین کے مشہور تیانمن اسکوائر پر دوسری جنگ عظیم میں فتح کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں 12 ہزار سے زائد اہلکاروں نے شرکت کی۔ پریڈ کے دوران ٹینکوں اور میزائلوں کی نمائش کی گئی جب کہ 200 سے زائد لڑٓاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، 80 فیصد سے زائد ہتھیاروں کی پہلی بار عوام کے سامنے نمائش بھی کی گئی۔چین کے صدر شی جنگ پنگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ تقریب میں روسی صدر ولادمیر پیوٹن اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سمیت 30 ممالک کے سربراہان اور سیکڑوں نمائندوں نے شرکت کی۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دوسری جنگ عظیم میں چین کی عوام نے بہادری اور ثابت قدمی سے جاپانی جارحیت کا مقابلہ کیا اور انھیں شکست دی جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر پیپلز لبریشن آرمی میں 3 لاکھ کی کمی کا بھی اعلان کیا۔