مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر لاریجانی نے اقوام متحدہ عالمی پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے پابندیوں اور دھمکیوں کا استقامت اور پائداری کے ساتھ مقابلہ کیا جس کی بنا پروہ ایٹمی مذاکرات میں کامیاب ہوگئی۔
لاریجانی نے کہا کہ اہم سوال یہ ہے کہ کیا آج جمہوریت پائدار امن و صلح کی خدمت میں ہے؟
اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ تعجب اس بات پر ہے کہ بعض حکومتیں اپنے عوام کے لئے جمہوریت کو پسند کرتی ہیں لیکن یہی حکومتیں دوسرے ممالک میں ڈکٹیٹروں ، غیر جمہوری نظام اور ظالم و جابر حکمرانوں کی حمایت کرتی ہیں۔
لاریجانی نے کہا کہ بعض طاقتیں جمہوریت ،انسانی حقوق اور دہشت گردی جیسے موضوعات کو بہانہ بنا کر دوسرے ممالک میں عدم استحکام پیدا کرتی ہیں اور ان کے اس اقدام سے دہشت گردی کو فروغ مل رہا ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر نے عالمی پارلیمانی رہنماؤں پر زوردیا کہ وہ جمہوریت کے ذریعہ دنیا میں امن و صلح قائم کرنے کی تلاش و کوشش کریں ۔
لاریجانی نے کہا کہ ایرانی قوم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ استقامت کے ذریعہ اپنے حقوق کی حفاظت کرسکتی ہے ایرانی قوم نے دھمکیوں اور اقتصادی پابندیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے وہ ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے ذریعہ مسئلہ فلسطین کو حل کیا جاسکتا ہے فلسطینی عوام آج بھی منہ زور اور غاصب طاقتوں کے سامنے استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے فلسطینیوں کی جد و جہد جاری ہے اور ایران فلسطین سمیت دنیا کے تمام مظلوموں کی حمایت کو اپنی اخلاقی اور انسانی ذمہ د اری تصور کرتا ہے۔