اجراء کی تاریخ: 11 جولائی 2015 - 13:24

ہندوستان میں ہندو انتہاپسند تنظیم شیوسینا نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی ملاقات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان میں ہندو انتہاپسند تنظیم شیوسینا نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف  کی ملاقات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شیوسینا کے سربراہ اودھے ٹھاکرے نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ مودی جی نے نواز شریف سے ایسی صورتحال میں ملاقات کی جب سرحدی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں مودی صورتحال کو تبدیل کرنے کی صلاحیت کے حامل ہیں اور ہمسایہ ملک کو بھی مودی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ مودی کو پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے قبل سوچنا چاہئے کہ ان کے ہاتھ ہمارے فوجیوں کے خون سے تو نہیں رنگے؟ ہمیں امید ہے کہ مودی پاکستان کو سبق ضرور سکھائیں گے۔ میانمار آپریشن کے بعد ہم نے سوچا تھاکہ پاکستان اس سے سبق سیکھے گا لیکن ایسا نہیں ہوا لیکن جلد ایسا ہو گا۔شیوسینا کے رہنما نے کہا کہ وہ اس پیشرفت پر بی جے پی کی اتحادی نہیں بنے گی۔