مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ القاعدہ دہشت گرد تنظیم نے جزیرۃ العرب میں اپنے سربراہ ناصر الوحشی کے یمن میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ناصر الوحشی کی ہلاکت کا اعلان جزیرۃالعرب کی القاعدہ شاخ نے ایک آن لائن ویڈیو کے ذریعے کیا جبکہ اس ویڈیو پیغام میں تنظیم نے دو دوسرے رہنماؤں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الوحشی گزشتہ دنوں یمن میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے، الوحشی کوالقاعدہ کی درجہ بندی میں ایمن الظواہری کے بعد دوسرے نمبر پر دیکھا جاتا تھا جب کہ وہ اسامہ بن لادن کے پرائیوٹ سکریٹری بھی رہ چکے تھے۔
الوحشی کی ہلاکت کے بعد جاری ویڈیو پیغام میں القاعدہ کے سینئر رکن خالد بطرفی نے الوحیشی کی ہلاکت کی خبر دیتے ہوئے ان کے جانشین کے طور پر ملٹری چیف قاسم ریمی کا نام لیا۔