مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی دارالحکومت دہلی کے ریاستی وزیر قانون جیتندر سنگھ تومار کو کاغذات نامزدگی میں جعلی ڈگری جمع کرانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جیتندر سنگھ تومار پر الزام ہے کہ انہوں نے رواں برس نئی دہلی کے ریاستی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کے ہمراہ بہار کی تلک مانجی بھاگلپور یونیورسٹی کی جعلی ڈگری اور دیگر دستاویزات جمع کرائے تھے۔ نئی دہلی کے اسپیشل کمشنر برائے امن و امان دیپک مشرا نے جعل سازی اور دھوکہ دہی کے تحت درج مقدمے میں ریاستی وزیر کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ جیتندر سنگھ تومار کو نئی دہلی کے حوض خاص پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ادھر دہلی کی حکمران جماعت عام آدمی پارٹی نے واقعہ کا الزام بی جے پی کی مرکزی حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی وزیر کے خلاف معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ایسی صورت میں ان کی گرفتاری کسی بھی طرح منصفانہ نہیں۔
اجراء کی تاریخ: 9 جون 2015 - 12:21
ہندوستانی دارالحکومت دہلی کے ریاستی وزیر قانون جیتندر سنگھ تومار کو کاغذات نامزدگی میں جعلی ڈگری جمع کرانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔