مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر کے معاون برائے اسٹریٹجک امور محمد جواد ظریف نے سوئٹزرلینڈ میں جاری ڈیووس اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے ڈیووس سربراہی اجلاس کے دوسرے دن فن لینڈ کے صدر، قطر، اسپین اور سوئٹزرلینڈ کے وزرائے خارجہ اور عراقی کردستان کے وزیر اعظم سے بات چیت کی۔
سینئر ایرانی عہدیدار نے قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے ساتھ مغربی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے عراقی کردستان کے وزیر اعظم مسرور بارزانی کے ساتھ بات چیت کے دوران شام میں ایک جامع حکومت کی تشکیل کی اہمیت پر زور دیا جو تمام طبقوں اور مذاہب کی نمائندگی کرے۔
جواد ظریف نے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹوب، سوئس وزیر خارجہ اگنازیو کاسس اور ہسپانوی وزیر خارجہ جوزے مینوئل الباریس سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے صیہونی حکومت کے جرائم کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن، فلسطین پر صیہونی قبضے کے خاتمے اور فلسطینیوں کے حقوق کو تسلیم کرنے سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔