مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، خانہ فرہنگ قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران لاہور میں ایرانی پارلیمنٹ کے ثقافتی کمیشن کے ممبران امیر حسین ثابتی، علی اکبر علی زادہ اور محمد میرزائی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پیر حبیب عرفانی، پیر عثمان نوری، ڈاکٹر نوید اکبر، ڈاکٹر وحیدالزمان طارق، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، علامہ محمد حسین گولڑوی، مکرم ترین جہانگرد، عرفان قریشی، ندیم پہلوان، چودھری مبین، محمد ریاض، انعام بٹ اور علامہ سید علی رضا نقوی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران، ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات تاریخی اور ثقافتی بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی روابط کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایرانی رکن پارلیمنٹ محمد میرزائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے اپنے دورۂ لاہور کا آغاز شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے مزار پر حاضری دے کر کیا۔ ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات موجود ہیں، اور پاکستانی قوم کا دل مشہد میں دھڑکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے گہرے ثقافتی روابط کی ایک علامت لاہور اور ایران کے تین شہروں ’’مشہد، اصفہان اور آمل‘‘ کے درمیان "شہرِ خواہر" (سسٹر سٹی) تعلقات کا قیام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رہبر معظم اسلامی جمہوریہ ایران، دوست اور برادر ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دیتے ہیں، اور ایرانی پارلیمنٹ کی ثقافتی کمیٹی کے اس دورے کا مقصد بھی رہبر معظم کے اسی وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ تقریب میں شریک معزز شخصیات نے ایرانی وفد کا پُرتپاک استقبال کیا اور فلسطین کے دفاع کے حوالے سے ایران کے جرأت مندانہ اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام ایران کیساتھ والہانہ محبت رکھتی ہے اور دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی خواہاں ہے۔