یمن کی مسلح افواج نے غزہ کی حمایت میں مقبوضہ تل ابیب کے صیہونی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملہ کیا اور امریکی بحری بیڑے کو بھی ساتویں بار نشانہ بنایا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے غزہ کی حمایت میں مقبوضہ تل ابیب کے صیہونی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملہ کیا اور امریکی بحری بیڑے کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے صنعا کے السبعین اسکوائر پر لاکھوں عوام کے اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ ملکی افواج نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے ام الرعش میں صیہونی حکومت کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ آپریشن چار گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے کامیابی کے ساتھ انجام دیا گیا۔

جنرل یحیی سریع نے واضح کیا کہ یمنی مسلح افواج کے ڈرون یونٹ نے تین ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ تل ابیب کے علاقے میں دشمن کے ٹھکانوں پر حملے کئے۔

انہوں نے بحیرہ احمر کے شمال میں امریکی طیارہ بردار جہاز "ٹرومین" کے خلاف تازہ کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرومین کو ساتویں بار کئی ڈرونز سے ایک ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم غزہ کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں مناسب آپشنز میز پر ہیں، یمن کبھی بھی فلسطین کاز سے دستبردار نہیں ہوگا۔