روس کے صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان نئے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے تمام شعبوں میں تیزی آئے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن سے چند لمحے قبل کریملن پیلیس میں ملاقات ہوئی۔

اس دوران صدر پیوٹن نے پزشکیان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: آپ کا آج کا دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف ہمیں اپنے تعاون کے تمام شعبوں پر بات چیت کا موقع ملے گا بلکہ ہم روس اور ایران کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک بنیادی معاہدے پر بھی دستخط کریں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ روس اور ایران کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کی موجودہ رفتار تسلی بخش ہے۔

صدر پیوٹن نے کہا کہ دونوں ممالک جوہری توانائی سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے رہبر اعلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

اس ملاقات میں ایرانی صدر نے پیوٹن کو رہبر معظم کا خصوصی سلام پہنچایا اور کہا کہ رہبر معظم انقلاب نے دوست ملک روس کے مزید گہرے اور مضبوط تعلقات کی سفارش کی ہے۔