اجراء کی تاریخ: 17 جنوری 2025 - 11:44

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان روسی ہم منصب کی دعوت پر ماسکو پہنچ گئے، ایرانی صدر کا یہ سرکاری دورہ ہے جس میں اعلیٰ سطح وفد بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکینا روسی ہم منصب کی دعوت پر ماسکو پہنچ گئے، ایرانی صدر کا یہ سرکاری دورہ ہے جس میں اعلیٰ سطح وفد بھی ان کے ہمراہ ہیں، ایران کے صدر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

ماسکو کے ونوکووو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر روس کے وزیر توانائی سرگئی سیولئیف اور دونوں ممالک کے مشترکہ تعاون کمیشن کے روسی سربراہ، روسی نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو، دونوں ممالک کے سفیروں کاظم جلالی اور الیکسی دیدوف اور دیگر نے صدر کا استقبال کیا۔

ایران کے صدر دورہ ماسکو کے دوران روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹین اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرینگے، جہاں مذاکرات اور تعاون کی 20 سے زائد دستاویزات اور سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔

اس سے پہلے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان علاقائی ممالک کے دورے کے سلسلے میں تاجکستان سے روس روانہ ہوگئے تھے۔

تاجک دارالحکومت دوشنبہ میں دو دن قیام کے دوران انہوں نے تاجک ہم منصب امامعلی رحمان سمیت اعلی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

صدر پزشکیان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون 23 اسناد پر دستخط ہوئے۔ دونوں ملکوں نے تعلیمی، تجارتی، سفارتی اور دفاعی شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ صدر پزشکیان کو تاجکستان میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی سند سے بھی نوازا گیا۔