ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ایئر ڈیفنس کمانڈر نے کہا ہے کہ ملک کے پاس جو فضائی دفاعی نظام ہے وہ F22 اور F35 لڑاکا طیاروں کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ایئر ڈیفنس کمانڈر جنرل علی رضا شیخیان نے ملک بھر میں جاری فوجی مشقوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے جدید ترین جنگی طیاروں کا مقابلہ کرنے کے لیے مقامی طور پر فضائی دفاعی نظام تیار کیا ہے، ہمارے پاس F22 اور F35 لڑاکا طیاروں کے خطرات سے نمٹنے کا دفاعی منصوبہ موجود ہے۔

جنرل شیخیان نے مزید کہا کہ مذکورہ فضائی دفاعی نظام کو مشترکہ مشقوں میں کامیاب کارکردگی کے بعد ملک کے ائیر ڈیفنس میں شامل کر دیا جائے گا۔

ایرانی فضائیہ کے سینئر کمانڈر نے کہا صیہونیوں کی طرف سے ایران کے دفاعی نظام کو تباہ کرنے کا دعوی بے بنیاد اور ایک نفسیاتی حربہ ہے۔

انہوں نے کہا ایرانی مسلح افواج نے ملک میں سالانہ پاور ڈرلز کے حصے کے طور پر پیامبر اعظم (ص) 19 مشقوں کا انعقاد کیا۔