مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سفارت خانے میں منعقدہ فلسطینی شہداء کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ کریم نے حکم دیا کہ "اس پر شک نہ کرنا کہ یہود و نصاری تمہارے دشمن ہیں"، یہ بھی فرمایا گیا کہ "تم میں سے جو انہیں دوست بنائے گا، وہ انہی میں سے ہوجائے گا، ساتھ ہی قرآن مجید نے فرمایا، "ہرگز تم سے یہود و نصاری راضی نہیں ہوں گے، جب تک تمہاری شناخت ختم نہ ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ عالم کفر ہمارے سامنے ہے، یہ کئی ہزار معصوم بچوں کے قاتل ہیں، یہ درندے ہیں، اگر ان کا راستہ نہ روکا گیا تو یہ پوری دنیا کو تباہ کردیں گے۔ ہم نے دیکھا کہ مزاحمت ہی اسرائیل کیخلاف واحد راستہ ہے۔ ان کے مظالم کیخلاف جہاد ہی واحد راستہ ہے۔ بانی انقلاب امام خمینیؒ نے پوری دنیا کو مزاحمت و مقاومت کا راستہ دکھایا۔ جب تک مزاحمت باقی رہے گی گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمت کے عظیم سپوت بے مثال ہیں۔ جیسا کہ ظلم کیخلاف قاسم سلیمانی نے جدوجہد کی، وینزویلا، یمن، فلسطین، شام اور عراق میں قاسم سلیمانی نے ظلم کیخلاف مقابلہ کیا۔ یحیی السنوار کی مثال دیکھیں جس نے جوان مردی کے ساتھ زندگی گزاری اور جوانمردی کیساتھ ہی اپنی جان جان آفریں سپرد کردی۔ اسی طرح میرے عزیز ترین شہید قدس، سید حسن نصر اللہ کو دیکھیں، جسے پوری دنیا نے غزہ کی حمایت سے پیچھے ہٹنے کا کہا لیکن اس نے اپنا خون دے دیا، نظریہ قربان نہیں کیا۔ اسی طرح اسماعیل ہنیہ شہید جنہوں نے دنیا بھر میں فلسطین کی سفارت کاری کی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بیدار ہوں، پہلے اپنی سرزمین سے صہیونی ہمدردوں کو بے دخل کریں، اس کے بعد پوری دنیا کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ یہ اللہ کا وعدہ ہے کہ ایک دن آئے گا، حق کا غلبہ ہوگا۔ یاد رکھیں کہ اللہ کا نظام پورے عالم پر حاکم ہوگا۔