مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجاناصر عباس نے خیبرپختونخوا کے علاقے کرم میں دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ضلع کرم کے راستے بند تھے اور علاقہ مشکلات کا شکار تھا، ادویات بند ہونے کی وجہ سے لوگ مر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کرم کا علاقہ غزہ کا منظر پیش کررہا تھا، پھر ان مظلوموں کی آواز بننے کا فیصلہ کیا گیا، حکومتوں کی توجہ نہیں ہورہی تھی، اس لیے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا گیا اور کراچی سے لے کر گلگت بلتستان تک دھرنے جاری تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دھرنے ہوئے، خواتین بچوں اور بوڑھوں نے بھی احتجاج کیا جبکہ کراچی میں امن پسند لوگوں پر گولیاں فاشسٹ وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ نے چلائیں۔

علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ بلاول بھٹو اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چہرے پر کالک مل دی گئی، شبیہ حیدر زیدی سمیت کسی کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔