مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ تہران کا دور کیا۔
اس دوران ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے عمانی ہم منصب کا استقبال کیا۔
فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور معاہدوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
اس دوران ایرانی وزیر خارجہ نے شام میں جاری صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا: شام میں عدم استحکام اور افراتفری ایران اور خطے کے کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران ایک ایسی جامع حکومت چاہتا ہے جو شامی معاشرے کے تمام سیاسی گروہوں کی نمائندگی کرتی ہو۔
اس ملاقات میں عمان کے وزیر خارجہ نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات پر عمان کے سلطان کی خصوصی توجہ پر تاکید کرتے ہوئے مسقط اور تہران کے درمیان مثالی تعلقات کی امید ظاہر کی۔
بدر بوسعیدی نے علاقائی سالمیت پر زور دیتے ہوئے شامی عوام کی مرضی کے احترام پر مبنی ایران کے موقف کو سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور بالخصوص شام کی حساس صورت حال پر تاکید کرتے ہوئے تہران اور مسقط کی دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔