اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے خبردار کیا کہ اسرائیل کو مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کو روکنا چاہیے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے مرکزاطلاعات فلسطین کے حوالے سے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے کے الحاق سمیت فلسطینی اراضی پر تسلط قائم کرنے اور فلسطینی برادریوں کو صیہونی بستیوں میں تبدیل کرنے کے لئے اپنے اقدامات میں تیزی لا رہا ہے۔

 اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے مزید کہا کہ یہ اقدامات جولائی میں ہیگ کی عدالت کے اس فیصلے سے متصادم ہیں جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی موجودگی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کے جلد از جلد خاتمے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

 اس دفتر نے پہلی بار مغربی کنارے میں ہونے والی حالیہ صورت حال کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے مکانات اور عمارتوں کو مسمار کرنے کی متعدد کارروائیاں شامل ہیں، کیونکہ یہ علاقہ فلسطینی اتھارٹی کے کنٹرول میں ہے۔

 اس بین الاقوامی ادارے نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو فوری طور پر قبضہ گیری سے باز رہتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر ہیگ کی عدالت کے جاری کردہ فیصلے پر عمل کرنا چاہیے۔"