بیروت میں ایران کے سفیر نے سید حسن نصر اللہ کی جائے شہادت پر حاضری دیتے ہوئے کہا کہ لبنان مضبوط اور مستحکم رہے گا اور ان جارحانہ حملوں سے دشمن کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی نے جنوبی بیروت میں سید حسن نصر اللہ کی جائے شہادت پر حاضری دی۔

اس دوران انہوں نے کہا کہ لبنانی قوم مزاحمت جاری رکھے گی اور ان وحشیانہ حملوں سے دشمن کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

امانی نے زور دے کر کہا کہ لبنان خطے میں اپنی قابل فخر مزاحمت کی بدولت مضبوط رہے گا اور اپنی سرزمین دوبارہ حاصل کرے گا اور ہم اس کی حمایت جاری رکھیں گے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ میں نے علاج کے بعد اپنے پہلے سفارتی دورے کا آغاز یہاں سے کیا، تاکہ میں شہداء کی روحوں سے عزم اور طاقت حاصل کر سکوں۔

یاد رہے کہ بیروت میں ایرانی سفیر 17 ستمبر کے پیجر دھماکوں میں زخمی ہوئے تھے جو علاج کے بعد اتوار کو سفارتی مشن سنبھالنے دوبارہ بیروت پہنچے ہیں۔