روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ نے امریکہ کو مشرق وسطیٰ کے تنازعات سے فائدہ اٹھانے والا ملک قرار دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے تاس نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ روس کی قومی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میدویدیف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تنازعات سے امریکہ کو فائدہ پہنچتا ہے اور خطے میں نا امنی امریکہ کے مفادات کی وجہ سے ہے۔ 

روسی عہدیدار نے زور دے کر کہا کہ مشرق وسطیٰ زمین کے ان خطوں میں سے ایک ہے جہاں بدقسمتی سے امریکہ کے تباہ کن کردار کی وجہ سے کئی دہائیوں سے امن قائم نہیں ہو سکا۔

میدویدیف نے غزہ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر بائیڈن انتظامیہ یوکرین اور اسرائیل کی فوجی اور مالی امداد بند کر دیتی تو یوکرین میں جنگ اور فلسطین اور لبنان میں قتل عام یقینی طور پر رک جاتا۔

روس کی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین نے دنیا بھر میں جاری امریکی تسلط پسندانہ روئے پر تنقید کرتے ہوئے تاکید کی کہ امریکہ مشرق وسطیٰ کے تنازعات کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا اور جنگ اور خونریزی کے ذریعے اپنے شرمناک مفادات حاصل کرتا ہے۔