المیادین ٹی وی چینل کے نمائندے نے خبر دی ہے کہ صیہونی حکومت نے لبنان کے جنوبی علاقوں پر گولہ باری کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، المیادین کے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ صیہونی حکومت نے جنوبی لبنان کے دیہات "طیبا اور مرکبا" کے علاقوں کو توپ خانے سے نشانہ بنایا اور یہ جارحیت جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اسی دوران "مرکز اطلاعات فلسطین" نے بھی صہیونی فوج کے ریڈیو کے حوالے سے خبر دی ہے کہ آج جمعرات کو "ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے گاؤں مرکبا میں ایک کار کو نشانہ بنایا"۔ اس حملے کے نتیجے میں اس گاڑی میں سوار افراد شہید ہوگئے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اس سے قبل صیہونی فوج نے لبنان کے سرحدی علاقوں کے مکینوں پر متعدد بار فائرنگ کی تھی جس کے دوران کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد امریکہ اور فرانس نے بدھ کے روز ایک مشترکہ بیان جاری کر کے معاہدے کی ضمانت دی، تاہم  صیہونی رجیم نے حسب سابق معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔