ایرانی وزیر خارجہ نے لزبن میں اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد (UNAOC) کے 10ویں عالمی اجلاس کے موقع پر اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد (UNAOC) کے 10ویں عالمی اجلاس کے موقع پر اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کی۔

انہوں نے لزبن کے شہر کاسکیس میں اپنے سلووینیا کی ہم منصب تنجا فاجون اور بوسنیا اور ہرزیگووینا کے وزیر خارجہ ایلمیڈین کوناکویک سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعامل کی ایران کی اصولی پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تمام فریقوں کو تسلیم شدہ بین الاقوامی اصولوں اور معیارات پر عمل کرنے اور بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

عراقچی نے لزبن میں بوسنیا کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران  دوسرے ممالک بالخصوص اسلامی ممالک کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے بوسنیا اور ہرزیگوینا کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے ملک کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے مغربی ایشیا میں صیہونی حکومت کی جارحیت سمیت تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال کے بارے میں ایران کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے صیہونی حکومت کی لبنان کے خلاف جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے اور غاصبانہ قبضے کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کے فعال کردار پر زور دیا۔

  اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی تہذیبوں کے اتحاد (UNAOC) کے 10ویں عالمی اجلاس میں شرکت کے لیے 24 نومبر کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن پہنچے۔