عرب لیگ اتوار کو مستقل نمائندوں کی سطح پر ایک اجلاس منعقد کرے گی جس میں عراق کے خلاف صیہونی حکومت کی دھمکیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ عرب لیگ عراق کے خلاف صیہونی حکومت کی دھمکیوں کا جائزہ لینے کے لئے اتوار کو مستقل نمائندوں کی سطح پر ایک اجلاس منعقد کرے گی۔

عرب لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حسام ذکی نے کہا: یہ اجلاس عراق کی درخواست پر سلامتی کونسل میں بغداد کے خلاف صیہونی حکومت کی شکایت کا جائزہ لینے کے لئے طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ جدعون ساعر نے سلامتی کونسل کو ایک خط ممیں عراقی سرزمین سے ڈرون حملوں کو روکنے کی درخواست کی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تل ابیب کو اپنی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کا حق حاصل ہے اور یہ عراقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی سرزمین کو دوسری حکومتوں کے خلاف حملوں کے لیے اڈے کے طور پر استعمال نہ ہونے دے۔ اسرائیل چاہتا ہے کہ عراقی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ان حملوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
اس خط میں صیہونی رجیم نے غزہ اور لبنان کے خلاف جاری وحشیانہ جارحیت کا ذکر کئے بغیر اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر دشمنانہ اقدامات کے خلاف اپنے اور اسرائیلیوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کے حق کا اظہار کرتے ہوئے عراق سے مزاحمتی گروہوں کے حملوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔"