مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں جاری جھڑپوں میں گولانی بریگیڈ کے ایک اور فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
مارے جانے والے سپاہی "گور کیہاتی" کا تعلق گولانی بریگیڈ کی 13ویں بٹالین سے ہے۔ اس اسرائیلی فوجی کو اسی جگہ مارا گیا جہاں صہیونی آثار قدیمہ کے ماہر "زیو ارلیخ" مارا گیا۔
قبل ازیں عبرانی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ جنوبی لبنان میں ایک صہیونی ماہر آثار قدیمہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ عبرانی میڈیا کے مطابق زیو ارلیخ جنوبی لبنان میں مارے گئے تھے۔
یہ نام نہاد اسرائیلی ماہر ارضیات اسی علاقے میں مارا گیا جہاں چند روز قبل گولانی بریگیڈ کا ایک اور فوجی مارا گیا تھا۔ ارلیک گولانی بریگیڈ فورسز کے ایک گروپ کے ساتھ جنوبی لبنان کے ایک قدیم قلعے میں داخل ہوا تھا۔
ان کا خیال تھا کہ وہ حزب اللہ کی افواج کو اس علاقے سے بھگانے میں کامیاب ہو گئے ہیں لیکن قلعہ کے اندر حزب اللہ کے دو مجاہدین موجود تھے اور انہوں نے آتے ہی اسرائیلی فورسز پر فائرنگ کر دی جس سے ماہر آثار قدیمہ ہلاک ہو گیا۔ زیو ایرلخ تاریخی نوادرات اور آثار قدیمہ کی چوری کے لئے شہرت رکھتا تھا۔
مذکورہ تاریخی قلعہ، جسے شمع کہا جاتا ہے، لبنان کے جنوب میں حضرت یوشع کی قبر کے ساتھ واقع ہے۔ گزشتہ ہفتے اس علاقے میں حزب اللہ کے مجاہدین اور اسرائیلی قابض فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ بہت سے صیہونی آباد کار غاصب حکومت کی ریزرو فورسز کے رکن ہیں اور عبرانی میڈیا کی غلط بیانی اور پروپیگنڈے کے برعکس وہ ایک مکمل ملٹری فورس ہیں۔