مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ان کے دورے کی روشنی میں ایران اور ایجنسی کے درمیان ہونے والے تعاملات اور بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے گروسی کے دورہ ایران کا ذکر کرتے ہوئےایک بار پھر ایجنسی کے ساتھ تعاملات اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی نیک نیتی اور عزم کا اظہار کیا۔
فریقین نے اس ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران تنازعات سمیت ایجنڈے میں شامل دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے غیر تعمیری اور تصادم کے طریقوں سے گریز پر اتفاق کرتے ہوئے بات چیت کا راستہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
عراقچی نے یہ بھی کہا کہ اگر دوسرے فریق ایران کی خیر سگالی اور مثبت رویہ کو نظر انداز کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے غیر تعمیری اقدامات کو ایجنڈے میں شامل کرتے ہیں تو ایران بھی ردعمل میں مناسب اور متناسب جواب دے گا۔