شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوش حالی کے لیے ضروری ہے کہ ملک کے اندر معاشی اور سیاسی استحکام ہو، جس کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت سب کی محنت اور دیانت داری کی وجہ سے آہستہ آہستہ استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، جس میں وفاق اور صوبوں سمیت سب کا کردار ہے، جس پر سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوش حالی استحکام، معاشی اور سیاسی استحکام ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، اس کے بغیر کوئی بھی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوش حالی کے لیے انتہائی اہم ہے کہ ملک کے اندر معاشی اور سیاسی استحکام ہو، اس کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہے اور اس پر کھل کر بات کرنی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کا پروگرام منظور کروانے میں صوبوں کی وفاق کی پوری مدد کی، وزیراعلیٰ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا اس تعاون پر شکرگزار ہوں۔