مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے المیادین ٹی وی چینل نے یونیسیف کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ لبنان پر اسرائیلی رجیم کے حملوں میں 200 سے زیادہ بچے شہید ہوچکے ہیں، صیہونی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے عام شہریوں کی تعداد اب تک 3,243 ہوگئی ہے، اس کے باوجود اسرائیل کا لبنان کے عام شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔
یونیسیف نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت، بچوں کو کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور ان بچوں کی حفاظت ایک قانونی ذمہ داری ہے۔
یونیسیف کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس تباہ کن خونریزی کو ختم کرنے کے لئے جنگ بندی ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی قابض افواج نے پیر کے روز بھی جنوب، بیکا اور شمال میں لبنانی دیہاتوں اور قصبوں پر اندھا دھند بمباری کی اور عمارتوں، بنیادی ڈھانچے اور مذہبی اور تاریخی مقامات کو تباہ کرتے ہوئے شہریوں کے خلاف مزید مظالم کا ارتکاب کیا۔
جنوبی لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی تازہ ترین لہر میں، جنگی طیاروں نے ضلع صیدا کے قصبے ساکساکیہ پر فضائی حملہ کیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق سات شہری شہید اور سات ہی زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی جیٹ طیاروں نے ضلع مرجعون کے قصبے دیبین کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا، جب کہ شیبا قصبے پر گولہ باری بھی کی۔