مہر رپورٹر کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے ملک کی فضائیہ کے کمانڈروں کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے اراکین نے ائیر چیف جنرل علی رضا صباحی فرد اور دیگر کمانڈروں سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل صباحی فرد نے حالیہ برسوں میں ملک کے فضائی دفاع کے میدان بالخصوص صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
رضائی نے مزید کہا کہ فضائیہ کے سربراہ نے صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: صیہونی رجیم کا ہدف فضائی دفاعی سسٹم کو تباہ یا ناکارہ بنا دینا تھا لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی فضائی دفاعی طاقت کی وجہ سے صیہونی حکومت کے حملے کے دوران کوئی بھی طیارہ ملک کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے اراکین نے صیہونی حکومت کے حملے میں شہید ہونے والے فضائیہ کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
رضائی نے کہا کہ اس اجلاس کے اختتام پر پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کی جانب سے فضائیہ کے سربراہ جنرل امیر صباحی فرد کو ان کی خدمات اور قربانیوں پر لوح تقدیر پیش کی گئی اور ملک کی فضائی سرحدوں کا بہترین دفاع کرنے پر فضائیہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔