مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ نیوز چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ جمعہ کی طرح صنعاء کے سبعین اسکوائر اور دیگر صوبوں میں لاکھوں یمنی عوام نے لبنان اور غزہ کی حمایت میں استکباری قوتوں کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس وسیع مظاہرے کے بیانئے میں فلسطین اور لبنان کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں اور ہم فتح کے حصول تک آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور خطے میں استکبار اور اس کے آلہ کاروں کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
اس بیان میں امریکہ اور اس کے نئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے: آپ یمنی قوم کو پہلے سے جانتے ہیں اور اب کی بار مزید جان لیں گے اور یقیناً اس بار بھی ماضی کی طرح اپنے شوم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
تمہارے تمام فوجی اتحاد ناکام ہو چکے ہیں اور طیارہ بردار جہاز شکست کھا کر خطے سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
یمنی مظاہرین نے اس بات پر زور دیا کہ اگر دشمن اپنی عسکری صلاحیتوں کے ساتھ دنیا کی تمام فوجوں کو جمع کر لیں تو بھی یمنی قوم خدا پر ایمان کے سہارے دشمن کا مقابلہ کرے گی اور دشمن اس ایمان اور یمنی قوم کے فلسطین اور لبنان کی حمایت کے اصولی موقف کو مٹا نہیں سکیں گے۔
یمن کے عوام نے آئندہ ہفتے کو لبنانی مہاجرین کی مالی امداد کا ہفتہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا:لبنان کی جنگ کے متاثرین کی امداد کا ہفتہ آج سے شروع ہو کر اگلے جمعہ تک جاری رہے گا۔