مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ صہیونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے یمنی فوج کی عسکری صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یمنی ڈرونز صیہونی فضائی نظام کو آسانی سے چکمہ دے جاتے ہیں۔
اس صیہونی چینل کے مطابق یمنی ہر بار ڈرون کی پرواز کا راستہ بدل کر اسرائیل کو سرپرائز دیتے ہیں۔ آج ایک ڈرون یمن سے بحیرہ احمر میں داخل ہوا اور صحرائے سینائی سے گزرنے کے بعد بحیرہ روم میں نامعلوم مقام پر داخل ہوا اور پھر عسقلان کے شمال کی طرف چلا گیا۔
مذکورہ ٹی وی چینل نے اعتراف کیا ہے کہ یمنی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں اسرائیلی فضائیہ ریڈاروں کی تعیناتی کو مسلسل تبدیل کرنے اور مزاحمتی ڈرون کی نگرانی کے آپریشن کو بہتر بنانے کی کوشش کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔ یمنی ڈرونز کی اس اقدامی صورت حال نے اسرائیلی فضائیہ کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔