مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمن نے کہا کہ ان کا ملک علاقائی ریاستوں کے خلاف کسی بھی حملے کے لئے فضائی حدود کے استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے غزہ اور لبنان میں صہیونی حکومت کے جاری جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ اس یقین پر قائم ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ ختم ہوجائے گی اور بے گناہوں کا قتل عام بند ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لبنان میں قطر کی ترجیح جنگ کو روکنا ہے اور اس سلسلے میں لبنانی حکام سے ہماری بات چیت ہوئی ہے۔
محمد بن عبد الرحمن نے مزید کہا کہ صہیونی حکومت جنگ کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے جب کہ قطر نے اپنی غیر جانبداری اور خطے میں کسی بھی تنازعے سے بچنے کی خواہش پر زور دیا ہے۔
قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی نے منگل کے روز مجلس شوریٰ سے اپنے سالانہ خطاب کے دوران اسرائیل کو مغربی کنارے اور لبنان میں اپنی فوجی کارروائیوں کو دانستہ طور پر بڑھانے پر تنقید کی۔
انہوں نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن وہ اسرائیل کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دے گا۔
یاد رہے کہ امریکی فوجی طیارے کویت میں علی السلم ایئر بیس اور احمد الجابر ایئر بیس کے ساتھ ساتھ قطر میں العدید ایئر بیس پر تعینات ہیں، جو مغربی ایشیا کی سب سے بڑے امریکی ایئر بیس ہے۔