مہر خبررساں ایجنسی نے عربی 21 کے حوالے سے کہا ہے کہ عرب ممالک صہیونی حکومت کی جانب سے ایران پر حملوں کے لئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے پر تیار نہیں ہیں۔
ایران کی جانب سے وعدہ صادق 2 آپریشن کے بعد اسرائیل کو جوابی کاروائی کرنے میں دشواری محسوس ہورہی ہے۔ ایران نے کئی مرتبہ ہمسایہ ممالک کو انتباہ کیا ہے کہ اس کے خلاف کسی ملک کی سرزمین استعمال ہونے کی صورت میں شدید ردعمل دکھایا جائے گا۔
امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے جمعہ کے روز انکشاف کیا تھا کہ ایران نے خطے میں امریکی اتحادیوں کو وارننگ دی ہے کہ اس کے خلاف کاروائی میں کسی ملک کی سرزمین استعمال ہونے کی صورت میں اس کو ہدف بنایا جائے گا۔
سی این این نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سعودی عرب، قطر اور عرب امارات نے امریکہ کو مطلع کردیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی قسم کی کاروائی کے لئے اسرائیل کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب اردن کے اعلی عہدیدار نے بھی کہا ہے کہ اپنی سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال ہونے نہیں دے گا۔